صیہونیوں کو سزا دینے کے اپنا قانونی حق استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے، ایران
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفونی گفتگو میں واضح کر دیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران جرائم پیشہ صیہونیوں کو سزا دینے کے اپنا قانونی حق استعمال کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔
سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کو دہشت گردانہ حملے میں شہید کرنے کا صیہونی حکومت کا اقدام ایران کی ارضی سالمیت، خودمختاری اور قومی اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی ہے جس نے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے صیہونی حکومت کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم اور بربریت کو روکے اور مظلوم فلسطینی عوام کو جرائم پیشہ صیہونی ٹولے کے شر سے نجات دلائے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کا اس گفتگو میں کہنا تھا کہ انہوں نے ایک بیان جاری کر کے بیروت اور تہران پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایران کے اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے لبنان میں ایک وسیع جنگ کے ممکنہ آغاز اور اس کے نتائج کے بارے میں تشویش ظاہر کی۔