غزہ کے اسکولوں پر دہشتگرد اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی ایران نے کی سخت مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غزہ میں دو اسکولوں پر صیہونی فوج کی بمباری کی مذمت کی ہے جس میں دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق ناصر کنعانی نے اپنی ایکس پوسٹ پر لکھا ہے کہ غزہ پٹی میں صیہونیوں کے تازہ ترین جنگی جرائم میں، غزہ شہر کے شمال مغرب میں النصر اور حسن سلامہ اسکولوں پر بمباری کے نتیجے میں 25 سے زائد بے گھر فلسطینی شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ایکس پوسٹ میں واضح کیا کہ صیہونیوں کے خوفناک مظالم اور فلسطین میں جنگی جرائم اور نسل کشی نیز علاقائی سطح پر بزدلانہ قتل وغارت گری کے باوجود فلسطینی علاقوں اور علاقائی سطح پر اسٹریٹجک توازن کبھی بھی صیہونی حکومت اور اس کے وہم زدہ حامیوں کے حق میں نہیں ہو گا اور دنیا کی حریت پسند اقوام کے دلوں میں بھرا ہوا غصہ صیہونی مجرموں اور ان کے حامیوں کو تباہ کر دے گا۔