غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں، امیرسعید ایروانی
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کو تاریخ میں بے مثال قرار دیا ہے
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب نے غزہ میں اکتالیس ہزار فلسطینیوں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے، صیہونی حکومت کے جرائم اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کو بے نظیر بتایا ہے۔ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ دنیا کی نام نہاد اخلاقی ترین فوج نے تقریبا اکتالیس ہزار فلسطینیوں کو شہید کردیا جن میں زیادہ تر عورتیں اوربچے ہیں۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں دس ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہیدوں کی لاشیں اب بھی اسرائیلی بمباریوں میں منہدم ہوجانے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب نے مزید کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی پر مشتمل غاصب اور نسل پرست صیہونی حکومت کے جرائم کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے دنیا کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ آپ دیکھیں کہ نسل پرست متعصبین ایسی سفاک فوج کو کس طرح دنیا کی اخلاقی ترین فوج کہتے ہیں۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے نمائندے نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں، صیہونی فوج کو جس نے درندگی، سنگدلی اور سفاکیت کے اب تک کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، دنیا کی با اخلاق ترین فوج کہا تھا۔