لبنانی شہریوں کو نشانہ بنانے کا اسرائیل کا دہشت گردانہ اقدام اجتماعی قتل عام ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لبنان میں صیہونی حکومت کی طرف سے پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے لبنانی شہریوں کو نشانہ بنانے کے دہشت گردانہ اقدام کو اجتماعی قتل عام کی مثال قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ لبنان میں دہشت گردانہ کارروائی صیہونی حکومت اور اس کے کرائے کے ایجنٹوں کی مشترکہ کارروائیوں کا سلسلہ ہے اور یہ تمام اخلاقی اور انسانی اصولوں، بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے اور اس پر عالمی سطح پر مقدمہ اور سزا دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دہشت گردانہ کارروائی، جو درحقیقت اجتماعی قتل کی ایک قسم ہے، ایک بار پھر واضح طور پر ثابت کرتی ہے کہ صیہونی حکومت نے فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم اور نسل کشی کے ارتکاب کے ساتھ ساتھ، علاقائی و عالمی امن و امان کے لئے بھی سنجیدہ خطرات پیدا کر دیئے ہيں۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کا مقابلہ ایک واضح ضرورت ہے اور ضروری ہے کہ عالمی برادری جرائم پیشہ صیہونی حکومت کو سزا سے چھوٹ دیئے جانے کے عمل کے خلاف اقدام کرے۔
انہوں نے لبنان کی حکومت، قوم اور مزاحمت کاروں اور اس دہشت گردانہ کارروائی کے شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے، لبنان میں ایران کے سفیر سمیت اس حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔
ترجمان وزارت خارجہ نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنانی حکومت اور قوم کے لئے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے پر تیار ہے۔