Sep ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر کا سید حسن نصراللہ کے نام پیغام، صیہونیوں کو بہت جلد منہ توڑ جواب دیا جائے گا

پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ لبنان میں انجام پانے والی حالیہ دہشت گردانہ کارروائیاں، صیہونی حکومت کی پے درپے شکست اور لاچاری کا ثبوت ہیں اور اس سفاک اور جرائم پیشہ حکومت کو بہت جلد اپنی اس دہشت گردی کا دنداں شکن جواب ملے گا۔

سحرنیوز/ایران: پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے نام ایک پیغام میں پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے ایام ولادت باسعادت اور آغاز ہفتہ وحدت کی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے اس پیغام میں کہا ہے کہ خداوند عالم نے آپ کو اور اسی طرح حزب اللہ کے مجاہدین اور لبنان کے عوام کو یہ نعمت خاص عطا فرمائی ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کے سیسہ پلائی ہوئی دیواروں کی طرح مضبوط مردان آہنی اور عظیم خواتین کے دفاع میں فورا میدان میں آگئے اور آبرو باختہ صیہونیوں کے وحشیانہ اور گھناؤنے جرائم کے میدان کو مردان خدا کی استقامت اور فتح وکامرانی کے گلستان معطر میں تبدیل کردیا۔
جنرل حسین سلامی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب آپ نے گزشتہ تقریبا ایک برس کے دوران مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع میں اپنے اقدامات بالخصوص آپریشن اربعین میں صیہونی حکومت کی فوجی، سیکورٹی اور انٹیلیجنس کی بنیادوں کو ہلا کے رکھ دیا تودشمن نے جومجاہدین کے مقابلے سے عاجز ہے، وسیع پیمانے پر دہشت گردانہ جرائم کا سہارا لیا تاکہ شاید اپنی حتمی موت کو کچھ دنوں کے لئے ٹال سکے اور اپنی مسلسل شکستوں کی دنیاوالوں سے پردہ پوشی کرسکے۔ یہ خود صیہونی دشمن کی ایک بڑی شکست ہے۔
جنرل حسین سلامی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اس میں شک نہیں کہ صیہونی دشمن، مغربی حکومتوں کی بے دریغ جاہلانہ حمایتوں کے باوجود گزشتہ تقریبا ایک برس میں جنگ غزہ کے حوالے سے اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کرسکا ہے۔انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے منگل اور بدھ کو لبنان میں پیجرس اوردیگر مواصلاتی آلات کے ذریعے جو وسیع دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دی ہیں، ان سے بھی اس کو کچھ ملنے والا نہیں ہے۔

ٹیگس