Sep ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • بیروت پر فضائی حملہ کھلی دہشت گردی اور لبنان کی ارضی سالمیت کےمنافی ہے: ایران

ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے بیروت کے علاقے ضاحیہ جنوبی پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ لبنان میں پیجرز اور دیگر مواصلاتی آلات کے ذریعے صیہونی حکومت کی وسیع دہشت گردانہ کارروائیوں کے فورا بعد بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر فضائی حملہ  کی کھلی دہشت گردی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے اس فضائی حملے کو تمام بین الاقوامی قوانین، لبنان کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے منافی قرار دیا ہے ۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ عالمی برادری کو غاصب صیہونی حکومت کے اس دہشت گردانہ فضائی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ غاصب صیہونی حکومت دنیا کے سبھی ملکوں، اقوام اور حکومتوں کی اکثریت کے جنگ بندی کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے جنگ کی آگ پورے خطے میں پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی یہ خبیثانہ پالیسی بین الاقوامی امن وسلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

ناصر کنعانی نے لبنان کے عوام اور حکومت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی حکومت، عوام اور استقامتی تحریک صیہونیوں کے وحشیانہ حملوں کے باوجود مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت سے دست بردار نہیں ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ بین الاقوامی امن وسلامتی کے حامی ممالک اور حکومتیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں غزہ کے مظلوم عوام اور دیگر ملکوں منجملہ لبنان اور شام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کو رکوانے کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں گے۔

ٹیگس