Oct ۰۱, ۲۰۲۴ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران: حزب اللہ کے دفتر میں صدر پزشکیان کا اظہار تعزیت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ہم پوری طاقت کے ساتھ ظلم اور جبر کے خلاف کھڑے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارے بھائی اور تمام مسلمان اور دنیا بھر کے آزاد انسان ظلم کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

سحرنیوز/ایران: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان کل تہران میں حزب اللہ کے دفتر میں حاضر ہوئے اور شہید سید حسن نصر اللہ اور اس تحریک کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ایک بار پھر لبنان و فلسطین کے عوام اور تحریک مزاحمت کے تمام مجاہدین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق، آزادی اور جمہوریت کے تمام جھوٹے دعویداروں پر لعنت بھیجنی چاہیے، جو آج ظالم کو مظلوم بنانے کی گھناؤنی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج استکباری نظام نے اپنے میڈیا ایمپائر کی مدد سے الفاظ کے معنی اور استعمال کو ہی بدل دیا ہے اور آج وہ نہایت بے شرمی سے دہشت گرد اور قاتلوں کو نجات دہندہ کہتے ہیں اور جو لوگ انسانیت اور مظلوموں کی حمایت کرتے ہیں انہیں دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔ پزشکیان نے کہا کہ اگر مستکبرین یہ خیال کرتے ہیں کہ مقاومت کے رہنماؤں اور سپاہیوں کے قتل سے ظلم و جارحیت کے خلاف مزاحمت رک جائے گی تو وہ سخت خام خیالی میں مبتلا ہیں، ہم ظلم و جبر کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارے بھائی اور تمام مسلمان اور دنیا بھر کے آزاد منش انسان ظلم کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہید حسن نصر اللہ کی روح کو ظلم و ناانصافی کے خلاف لڑنے والے تمام شہداء کے ساتھ محشور فرمائے۔

ٹیگس