Oct ۱۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران اور فرانس کے صدور کی ٹیلی فونی گفتگو، خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران اور فرانس کے صدور نے اتوار 13 اکتوبر کی شام ٹیلیفون پر حزب اللہ لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق ایران اور فرانس کے صدور نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں علاقے کے حالات بالخصوص جنوبی لبنان کے بحران  کا بھی جائزہ لیا۔ صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ  یہ کوشش کی ہے کہ یہ علاقہ ہر قسم کی جنگ اور بد امنی سے دور اور پر امن رہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم نے ہمیشہ جنگ بندی اور تنازعات کے خاتمے کا خیر مقدم کیا ہے۔
صدرایران نے کہا کہ جب تہران میں صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوگئے تو اس وقت بھی ہم نے مغربی حکام کے جنگ بندی کے وعدے اور اس امید پر ایک عرصے تک  تحمل سے کام لیا کہ بے گناہ اور مظلوم انسانوں کا قتل عام رکا جائے گا لیکن صیہونیوں نے نہ صرف یہ کہ غزہ پر بمباری اور جرائم بڑھا دیئے بلکہ اس کا دائرہ لبنان تک پھیلا دیا۔
انہوں نے کہا کہ  یہ حکومت کسی بھی انسانی اصول وضوابط اور بین الاقوامی قوانین کی پابند نہیں ہے۔ 
انہوں نے فرانس کے صدر امانوئل میکرون سے کہا کہ دیگر یورپی سربراہوں کے ساتھ مل کر صیہونی حکومت کو غزہ اور لبنان میں بے گناہ عوام کی نسل کشی اور وحشیانہ جرائم کا سلسلہ بند کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے لبنان پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت اور اس کے لئے اسلحے کی سپلائی روک دینے کے حوالے سے حکومت فرانس کے موقف کو مثبت قرار دیا۔  

ٹیگس