شہید یحیی السنوار کو ایرانی صدر کا خراج عقیدت
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یحیی السنوار کی شہادت سے غاصبوں کے مقابلے میں استقامت کے راستے کو نہیں روکا جاسکے گا۔
سحرنیوز/ایران: صدر مملکت مسعود پزشکیان نے کہا کہ جارحیت کے مقابلے میں جہاد اور مقبوضہ سرزمینوں کے حقیقی وارثوں کو نجات دلانا ایک ایسا اعلی و ارفع مقصد ہے کہ جس کا راستہ اس میدان کے کمانڈروں اور مجاہدوں کو شہید کرنے اور قتل و خونریزی سے روکا نہیں جا سکے گا۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک پیغام میں دلاور کمانڈر یحیی سنوار کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی، غزہ کے غیور و مظلوم عوام اور پوری دنیا کے حریت پسندوں کو تعزیت پیش کی ہے۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ شہید السنوار نے اپنی پوری حیات میں جہاد کیا اور زندگی کا ایک بڑا حصہ سفاک صیہونی حکومت کی جیل میں گزارا تھا اور اس کے بعد اپنی عمر کے آخری لحمے تک بہادری کے ساتھ جنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو جان لینا چاہیے کہ جہادی رہنماؤں کو شہید کرکے غاصبوں اور منہ زور طاقتوں کے مقابلے میں امت اسلامیہ کے راستے کو نہيں روکا جاسکے گا۔