Oct ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  • سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر صدر ایران کا تعزیتی پیغام

صدر مملکت مسعود پزشکیان نے حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین کی شہادت کی رہبر انقلاب اسلامی، لبنان اور فلسطین کے سرفراز عوام اور استقامتی محاذ میں ان کے ساتھیوں کی خدمت میں تعزیت پیش کی۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ کی رات جاری ہونے والے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ جہاد اور شہادت کے میدان کی عظیم شخصیت، سید ہاشم صفی الدین نے عاشور کی درسگاہ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی پوری زندگی فلسطینی اور لبنانی عوام کے دفاع اور استقامتی محاذ کی تقویت پر صرف کردی اور اسلام کی راہ میں مجاہدت اور استقامت اور ظلم و ستم سے جنگ میں ثابت قدم رہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ سید ہاشم صفی الدین کی شہادت تمام حریت پسند انسانوں کے لئے ایک بھاری نقصان ضرور ہے لیکن یہ شہادت صیہونی دشمنوں کے خلاف استقامت اور مجاہدت کا ایک نیا باب کھول دے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر پزشکیان نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ کی شہادت کے بعد صیہونی دشمن نے اپنے زعم میں حزب اللہ کی قیادت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی لیکن الحمد للہ کہ استقامت کا شجرہ طیبہ، حیات اور ترقی سے پیچھے نہیں رہا اور شہیدوں کا خون اس تحریک کے آگے بڑھنے کی ضمانت بنے گا۔
صدر مملکت کے پیغام میں آیا ہے کہ حزب اللہ آج پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم اور طاقتور ہے اور غاصبوں پر کاری ضرب لگاتا رہے گا۔ انہوں نے لکھا کہ جب تک فلسطین اور لبنان کے عوام کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رہے گا تب تک صیہونی غاصبوں اور ان کے حامیوں کے خلاف استقامت اور جہاد کا راستہ جاری رہے گا۔

ٹیگس