Oct ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل کا اجلاس، امریکی حمایت سے اسرائیل گستاخ ہوگیا ہے؛ ایران کے نمائندے کا بیان

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے، امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیلی حکومت کی غیر مشروط حمایت کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کے طور پر عالمی ادارے کے فرائض کی ادائيگي میں رکاوٹیں ڈالنے کے باعث صیہونی حکومت اس قدر گستاخ ہوگئي ہے کہ غزہ اور لبنان کے بعد ایران کے خلاف اپنے مجرمانہ اور جارحانہ اقدامات کے ارتکاب پر اتر آئی ہے۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے سعید ایروانی نے سیکورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت نے ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی ہے۔ صہیونی حکومت خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے اقدامات کا تسلسل کے ساتھ ارتکاب کر رہی ہے۔ ایروانی نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف صہیونی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ صہیونی حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے میں تعاون کرنے پر روس، چین اور الجزائر کا شکریہ ادا کیا اور صہیونی حکومت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایران کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے والوں کی قدردانی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر صہیونی حکومت کے حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی واضح خلاف ورزی ہے، افسوس کی بات ہے کہ امریکہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے بجائے صہیونی حکومت کی مسلسل حمایت کر رہا ہے۔ امریکہ کے اس اقدام سے دنیا میں صہیونی حکومت مزید رسوا ہوگئی ہے۔ ایروانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق سلامتی کونسل دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات کو روکنے کی ذمہ دار ہے۔ فلسطین، لبنان، شام اور ایران کے خلاف صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی وجہ سے علاقائی اور بین الاقوامی امن خطرے میں پڑگیا ہے۔ صہیونی حکومت کے ان ناجائز اقدامات کو نظرانداز کرنے سے سلامتی کونسل کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت سلامتی کونسل کے بعض اراکین صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے بارے میں دوغلی پالیسی رکھتے ہیں۔ ان ممالک نے سلامتی کونسل میں صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کا بھی گوارا نہیں کیا بلکہ اس کو اپنے دفاع سے تعبیر کیا ہے۔

ٹیگس