ایران کی فضا آج امریکہ مردہ باد اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی
سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کے موقع پر آج تہران سمیت پورے ایران میں ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں میں سامراجی طاقتوں بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سحر نیوز/ ایران: تیرہ آبان مطابق چار نومبر کی تاریخ ایران میں عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا قومی دن ہے۔ اسی مناسبت سے آج کے مظاہروں میں شریک ایرانی عوام خاص طور سے طلباء و طالبات نے امریکہ مردہ باد, اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے عالمی سامراج سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔
تیرہ آبان مطابق چار نومبر عالمی سامراج سے مقابلے کے قومی دن کی مناسبت سے آج ایک بار پھر پورے ایران میں عوام نے سڑکوں پر نکل کر غزہ اور لبنان پر امریکہ کی حمایت سے غاصب صیہونی حکومت کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کی سرکردگی میں عالمی سامراج کے خلاف احتجاج اور انقلاب اسلامی کی امنگوں نیز رہبر انقلاب اسلامی کے ساتھ تجدید عہد کیا۔
آج کے یہ مظاہرے تہران سمیت ایران کے نو سو دیگر شہروں میں کئے گئے جن میں ایرانی عوام نے وسیع پیمانے پر شرکت کی ۔
واضح رہے کہ13 آبان مطابق 4 نومبر 1979 میں ایرانی طلباء نے، ایران کے اسلامی انقلاب کے خلاف امریکہ کی مختلف سازشوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تہران میں امریکہ کے سفارت خانے (جاسوسی کے اڈے) پر قبضہ کیا تھا۔