ایران پر امریکی الزام صیہونی حلقوں کی گھناؤنی سازش کا نتیجہ
اسماعیل بقائی نے امریکہ کے سابق اور موجودہ حکمرانوں پر قاتلانہ حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کے دعووں کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ماضی میں بھی اسی سے ملتے جلتے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں جنہیں ایران ہمیشہ مسترد کرتا رہا اور ان الزامات کا بے بنیاد ہونا بھی ثابت ہو گيا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے موجودہ صورتحال میں ایران پر لگائے جانے والے الزام کو ایران مخالف صیہونی حلقوں کی ایک ایسی گھناؤنی سازش قرار دیا جس کا مقصد امریکہ اور ایران کے باہمی مسائل کو زیادہ پیچیدہ کرنا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ایرانی قوم کے حقوق کی بازیابی کے لئے ملکی اور عالمی سطح پر تمام جائز اور قانونی ذرائع استعمال کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکی حکام نے واشنگٹن کے ایرانوفوبیا سیناریو کو جاری رکھتے ہوئے بارہا یہ بے بنیاد دعوی کیا ہے کہ ایران امریکی سرزمین میں ٹرمپ سمیت امریکی عہدیداروں کو قتل کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔