غزہ بچوں کا قبرستان بن چکا ہے، بچوں کا عالمی دن کی مناسبت سے ایران کے ترجمان وزارت خارجہ کا پیغام
عالمی یوم اطفال کے موقع پر ایران کے ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر لکھا ہے کہ غزہ صیہونیوں کی مسلسل بمباری کے نتیجے میں بچوں کا قبرستان بن چکا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسماعیل بقائی نے اپنے ایکس پیج پر لکھا کہ 20 نومبر، عالمی یوم اطفال، امن اور سلامتی میں رہنے کے تمام بچوں کے حق کی یاد دلاتا ہے۔ یہ غزہ کے بچوں کے رنج و الم کو یاد کرنے کا موقع بھی ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے لکھا ہے کہ غزہ بمباریوں کے نتیجے میں بچوں کے قبرستان میں تبدیل ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ایک سال کے اندر 4000 سے زیادہ بچے بھوک کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور بے شمار تعداد کی جان کو بھوک، بیماری، آوارہ وطنی اور ابتدائی ضرورتوں کی قلت کی وجہ سے سنجیدہ خطرہ لاحق ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ معصوم فلسطینی بچوں کے قتل عام اور ان پر تشدد نے انسانیت کے جسم پر گہرے زخم ڈال دیے ہیں اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دعوے دار اداروں نے ان زخموں پر مرہم لگانے کے بجائے اپنی بے عملی اور لاپرواہی سے ان گہرے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا، فلسطینی بچوں پر گھناؤنے مظالم ڈھانے والے مجرموں کی سزا سےرہائی کو ختم کرے۔