پوپ فرانسس اور دنیا کے تمام موحدین کو نئے عیسوی سال کی مبارکباد
صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پوپ فرانسس اور دنیا کے تمام موحدین کو حضرت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت اور نئے عیسوی سال 2025 کی مبارکباد پیش کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران پریس کے مطابق صدر مملکت مسعود پزشکیان نے حضرت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور سنہ 2025 کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ حضرت عیسی علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت عدل و انصاف ، امن اور آزادی سے ہمکنار ہونے کے لئے الہی فرامین اور تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی گرانقدر تعلیمات کی یاد دلاتا ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا ہے کہ عصر حاضر میں انسانی مشکلات کو حل کرنے کے لئے نئے زاویۂ نگاہ کی ضرورت ہے اس لئے آج کا انسان انبیائے کرام علیھم السلام کی عظیم صفات پر غورو فکر کر کے انسانی کمال حاصل کر سکتا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہےکہ مجھے امید ہے کہ نئے عیسوی سال کے شروع میں ہم مظلوم اقوام خصوصا فلسطین کی مظلوم قوم کو امن، سلامتی اور آزادی سے ہمکنار کرنے سے متعلق موثر اقدامات انجام پاتے ہوئے دیکھیں گے۔