Jan ۱۱, ۲۰۲۵ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے لبنان کے نئے صدر اور لبنانی عوام کو مبارکباد

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے لبنان کا نیا صدر منتخب ہونے پر جنرل جوزف عون اور ان کے ملک کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سحرنیوز/ایران:  سید عباس عراقچی نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ایران تمام لبنانیوں کے وطن، مستحکم ، مضبوط ، خودمختار نیز غیر ملکی قبضے اور خطرے سے محفوظ لبنان کی حمایت کرتا ہے۔ ہم ماضی کی طرح لبنانی عوام کی نمائندہ ہر اس حکومت کی حمایت کریں گے جو لبنانی عوام کی آسائش کی ضامن ہو اور لبنان کے اقتدار اعلی، خود مختاری اور ارضی سالمیت کی حمایت کرنے والی ہو۔ واضح رہے کہ میشل عون کی مدت صدارت ختم ہونے کے بعد لبنانی فوج کے کمانڈر جوزف عون کو جمعرات کے دن لبنان کی پارلیمنٹ  نے صدر منتخب کیا تھا۔  ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں لبنانی پارلیمنٹ کے 128 ارکان میں سے 71 ارکان نے جوزف عون کے حق میں ووٹ ڈالے جبکہ 37 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔  دوسرے مرحلے میں جوزف عون پارلیمنٹ کے 128 ارکان میں سے 99 اراکین کے ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جو‌زف عون لبنان کی تاریخ میں پانچویں ایسے فوجی کمانڈر ہیں جو صدر کے عہدے تک پہنچے ہیں۔

 

ٹیگس