ایران ایئر کی مشہد کراچی مشہد پرواز عنقریب شروع
Jan ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی سرکاری ایئرلائن ایران ایئر نے حرم رضوی کے زائرین کی سہولت کے مقصد سے کراچی کے لئے براہ راست پرواز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ایران: ایران کی سرکاری ہوائی کمپنی ایران ایئر نے تیئس فروری دوہزار پچیس سے مشہد مقدس سے پاکستان کے معروف شہر کراچی اور کراچی سے مشہد کے لئے اپنی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے لئے ایران ايئر کا طیارہ اتوار کو مشہد مقدس سے روانہ ہوگا اور پیر کو کراچی سے مشہد واپس آئے گا۔
اس سے قبل ایران کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ حسین پور فرزانہ نے کہا تھا کہ رواں سال فروری کے مہینے سے مشہد سے کراچی، گرگان سے استنبول اور بندر عباس سے مسقط کے لئے جدید پروازیں شروع کی جائيں گی۔