Feb ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران ہر دباؤ کا مقابلہ کرے گا: ترجمان دفتر خارجہ

ایرانی خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران نے کئی مرتبہ یہ ثابت کیا ہے کہ ہم قومی مفاد کے لیے سیاسی اور سفارتی سطح پر گفتگو کے قائل ہیں مگر ساتھ ہی قومی سلامتی اور حفاظت کے حوالے سے ہر دباؤ اور مشکل کا جواب مزاحمت سے دینے کو تیار ہیں۔

سحرنیوز/ایران:  وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج بروز بدھ ایران سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے بارے میں ارنا کے رپورٹر کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ دعویٰ کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے ایک بے بنیاد الزام ہے جو کئی بار غلط ثابت ہو چکا ہے اور اگر کوئی اس مسئلے کے بارے میں یقین حاصل کرنا چاہے تو آسانی سے اس بات کا یقین کر سکتا ہے۔ اسماعیل بقائی نے تاکید کی کہ صیہونی حکومت کے برعکس، جو کہ وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں پر پابندی کے کسی بین الاقوامی معاہدے کی رکن نہیں ہے اور غزہ کے عوام کے خلاف جنگ میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی واضح دھمکی دے چکی ہے، اسلامی جمہوریہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کا رکن ہے اور ایران کا جوہری پروگرام مکمل نگرانی کے ساتھ بین الاقوامی معاہدے کے تحت محفوظ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بنیادی طور پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو اسلامی و انسانی وجوہات اور سپریم لیڈر کے فتوے کی بنیاد پر حرام سمجھتا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان اشتعال انگیز دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہ ایران امریکی حکام کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ایسے دعووں کو جھوٹے اور جنگی جنون میں مبتلا لوگوں کے من گھڑت قصے قرار دیا اور واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے قومی ہیروز اور اعلیٰ حکام کے قتل کے جرم میں انصاف کے حصول کے لیے قانونی عمل کو آگے بڑھانے کا حق رکھتا ہے اور بین الاقوامی عدالت میں انصاف کے حصول تک ان معاملات کی پیروی کرے گا۔ اسماعیل بقائی نے حکومتوں کے درمیان تنازعات کو مذاکرات کے ایسے پیرائے میں جہاں حقیقت پسندانہ سمجھ بوجھ کے ساتھ باہمی احترام اور فائدے کی بنیاد پر مسائل حل کیے جا سکیں، سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عظیم اور قدیم ایرانی و اسلامی تمدن کا وارث ہے اور ہر بار یہ ثابت کرتا ہے کہ قومی تاریخ اور تہذیب اور اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے دفاع میں بھی پائیدار اور پرعزم ہے، اور ہر دباؤ اور مشکل کا جواب مزاحمت سے دینے کو تیار ہے۔

ٹیگس