Feb ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۲:۱۵ Asia/Tehran
  • حزب اللہ زندہ ہے اور استقامت کا راستہ جاری رہےگا؛ ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بیروت ايئرپورٹ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تشییع دنیا پر ثابت کردے گی کہ استقامت اور حزب اللہ زندہ اور اپنے اقدار کے وفادار ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی کے وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے جو شہید سید حسن نصراللہ کی تشییع جنازہ کےلیے لبنان پہنچے ہیں بیروت ایئرپورٹ پر پریس کانفرنس کے دوران زور دے کر کہا کہ استقامت کی راہ روشن ہے اور جس طرح اب تک کامیابی اس محاذ کی تھی، حتمی جیت بھی استقامتی محاذ کی ہوگی۔
سید عباس عراقچی نے شہید سید حسن نصراللہ اور سید ہاشم صفی الدین کو لبنان کے دلیرترین اور پاکترین سپوت قرار دیا جنہوں نے مقبوضہ سرزمینوں سے صیہونیوں کو نکال باہر کرنے اور استقامتی محاذ کا نام اور راستہ روشن کرنے کے لیے بڑی قربانیاں پیش کیں اور اس راہ میں جام شہادت کو نوش کرنے کا اپنا ہدف حاصل کرلیا۔
وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی حکام اور عوام کی بڑی تعداد شہید سید حسن نصراللہ کی تشییع میں شرکت کے متمنی تھے جو کہ ممکن نہ ہوسکا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر اور وزیر خارجہ کے ہمراہ ایران کی متعدد سیاسی اور ثقافتی شخصیات اور اسی طرح شہیدوں کے اہل خانہ بیروت پہنچ چکے ہیں۔

ٹیگس