Feb ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستانی چینل پی ٹی وی اور آئی آر بی کے درمیان معاہدہ،

ایران اور پاکستان نے میڈیا تعاون کے میدان میں ایک تاریخی اور بے مثال قدم اٹھاتے ہوئے باضابطہ طور پر میڈیا تعاون شروع کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔

سحرنیوز/ایران: اسلام آباد سے اسلامی جمہوریہ ایران کے نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق، اس ادارے اور پاکستان کے قومی چینل پی ٹی وی نے میڈیا تعاون کو مضبوط بنانے اور ٹیلی ویژن پروڈکشنز کے تبادلے کے سلسلے میں پہلے باضابطہ تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمت کی اس یادداشت پر پیر کو پاکستان میں آئی آر آئی بی کے نمائندہ دفتر کے ڈائریکٹر مجید ہاشمی فرا اور پاکستان کے قومی نیٹ ورک کے ڈائریکٹر دانیال گیلانی نے، پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نشریاتی ادارے (آئی آر آئی بی) کی کوششوں سے، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور پاکستان کے وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان کی موجودگی میں تعاون کےسمجھوتے پر دستخط کئے۔

اس معاہدے کی بنیاد پر ایران اور پاکستان کے درمیان مذہبی اور ثقافتی مشترکات کو تقویت دینے کے لیے ابتدائی طور پر ایرانی نشریاتی ادارے سحر اردو نیٹ ورک کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شروع کیا جانے والا قرآنی مقابلہ "اقرا" ، پاکستان کے قومی چینل پر تیس قسطوں میں نشر کیا جائے گا۔

 

ٹیگس