مذاکرات کے لئےمنھ زور حکومتوں کا اصرار اپنا حکم منوانے کے لئے ہے: رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کا عالمی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے کل کے خطاب کا عالمی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی اعلی سیاسی اور عسکری حکام سے ملاقات کے دوران کئے گئے خطاب کو بین الاقوامی میڈیا میں بھرپور کوریج ملی۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کل ملک کے اعلی سیاسی اور عسکری حکام سے ملاقات کے دوران فرمایا تھا کہ بعض لئےمنھ زور حکومتوں کا مذاکرات کے لیے اصرار مسائل کو حل کرنے کے لیے نہیں، بلکہ اپنے ناجائز مطالبات مسلط کرنا ہے۔ لیکن اسلامی جمہوریہ ایران ہرگز ان کے مطالبات قبول نہیں کرے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اس حوالے سے لکھا: ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جواب میں کہا کہ مذاکرات کے سلسلے میں تہران پر دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار آج نے یہ سرخی لگائی کہ مذاکرات کے نام پر دھمکیاں قبول نہیں، ایرانی سپریم لیڈر نے ٹرمپ کی تجویز مسترد کردی
اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ہفتے کے روز ایک تقریر میں کہا کہ ایران کو مذاکرات کے نام پر دھمکیاں قبول نہیں ہیں، امریکا کی مذاکرات کی پیشکش صرف اپنے مقصد کیلئے ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ دھونس سے حل نہیں ہوگا، یہ لوگ اپنی خواہشات مسلط کرنا چاہتے ہیں، ایران انکی امیدیں پوری نہیں ہونے دے گا۔
پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار جنگ نے یہ سرخی لگائی
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خط پر ردعمل دے دیا۔
آیت اللّٰہ العظمی خامنہ ای نے امریکی صدر کے خط کے ردعمل میں کہا کہ بدمعاشی کرنے والے کچھ ممالک مسائل حل کرنے نہیں، اپنے مطالبات منوانے کیلئے بات چیت پر زور دیتے ہیں، ایران ایسے ممالک کے مطالبات قطعی تسلیم نہیں کرے گا۔
پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار ایکسپریس نے یہ سرخی لگائی
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری ہتھیاروں پر مذاکرات کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا مذاکرات نہیں چاہتا بلکہ اپنے مطالبات مسلط کرنے کا خواہاں ہے۔ بدمعاش حکومتیں مذاکرات پر زور دے رہی ہیں جن کا مقصد دباؤ ڈالنا اور اپنے مطالبات مسلط کرنا ہے۔
واضح رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سنیچر 8 مارچ کواسلامی جمہوریہ ایران کے تینوں شعبوں، مقننہ، مجریہ اور عدلیہ کے سربراہوں نیز دیگر حکام سے ملاقات میں صدرمملکت مسعود پزشکیان کی گفتگو کی طرف جو موصوف نے ملاقات کے شروع میں کی تھی، اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ صدر جمہوریہ کی تقریر بہت وسیع، اچھی اور مفید تھی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مذاکرات کے لئے بعض منھ زور حکومتوں کا اصرار مسائل کے حل کے لئے نہیں ہے بلکہ اپنی توقعات مسلط کرنے اور اپنا حکم منوانے کے لئے ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران ان کی توقعات ہرگز پوری نہیں کرے گا۔