ایران، چین اور روس کے مشترکہ بحری مشقوں نے امریکی صدر ٹرمپ کو ہلا کر رکھ دیا
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ امریکی طاقت کے بارے میں صدر ٹرمپ کے بیانات خام خیالی پر مبنی ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات، جن میں وہ امریکہ کی طاقت کو ایران، چین اور روس کے مشترکہ بحری مشقوں سے برتر قرار دے رہے ہیں، خام خیالی پر مبنی ہیں۔
ریئرایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ "سیکیورٹی بیلٹ 2025" مشترکہ مشقوں میں ایران، چین اور روس کی شرکت کا مقصد خطے میں سیکیورٹی کو استحکام بخشنا ہے۔ اس کے برعکس امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک عالمی سطح پر عدم استحکام کا سبب بنتے رہے ہیں ۔
ایرانی نیوی کے کمانڈر نے کہا کہ دیگر علاقائی ممالک بھی بحری سرگرمیوں میں نمایاں پیش رفت کرچکے ہیں اور مستقبل میں ان مشقوں میں شامل ہوں گے۔
چین اور روس کے بحری جنگی جہاز ایران کے ساتھ دفاعی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے شمالی بحر ہند میں داخل ہوگئے ہیں۔
مشقوں میں حصہ لینے والے جہازوں میں روسی نیوی کی جنگی کشتی اور لاجسٹک جہاز جبکہ چینی بحریہ کے جنگی جہاز اور لاجسٹک جہاز شامل ہیں۔
ان مشقوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے ڈسٹرائر جماران، الوند، بایندر جنگی جہاز نیزہ، گناوہ، "نایبند" اور بحرگان جبکہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے جہازوں میں شہید صیاد شیرازی، شہید روحی اور شہید محمودی جہاز شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ ساتواں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی بیلٹ 2025 مشقیں شمالی بحر ہند میں ہوں گی جن میں ایران، روس اور چین کی بحری افواج شامل ہوں گی ۔ ان مشقوں کا مقصد سیکیورٹی کو مضبوط بنانا، سمندری تعاون کو مستحکم کرنا اور تینوں ممالک کے درمیان بحری تعاون کو فروغ دینا ہے۔