Mar ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • ہم قومی مفادات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: ایرانی وزیرخارجہ

ایرانی وزیر خارجہ نے ڈپلومیسی کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایرانی قوم کے مفاد سے ذرہ برابر پیچھے نہيں ہٹیں گے

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نےنئے ہجری شمسی سال کے آغازپر اپنے پیغام نوروز میں کہا ہے کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران میں گفتگو اور ڈپلومیسی  کے پابند ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ڈپلومیسی، یکطرفہ پالیسیوں، غیر منصفانہ دباؤ، ظالمانہ پابندیوں اور دھمکیوں نیز رعب جمانے کی کوششوں کا مناسب ترین متبادل ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ گفتگو اور مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن مذاکرات برابری کی بنیاد پر اور اس طرح  ہونے چاہئیں جن سے ایرانی عوام کے مفادات پورے ہوتے ہوں۔

 وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے  اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہم اپنی اس پالیسی کے بدستور پابند ہیں، کہا کہ ایرانی قوم ایک شریف  باعزت اور خود اعتماد قوم ہے اور خدا کے سوا کسی کے بھی سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نئے ہجری شمسی سال میں اسی منطقی بنیاد پر، خدا کی نصرت سے اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کو آگے بڑھائيں گے۔  انھوں نے کہا کہ ہم ایرانی قوم کے مفاد سے ذرہ برابر  پیچھے نہيں ہٹیں گے۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امید ظاہر کی کہ نیا ہجری شمسی سال ایرانی عوام کی خدمت کے لئے بہترین سال ہوگا اور مجھے پوری امید ہے کہ  ہم اس سال  ایرانی عوام کے لئے بلند ترین اور اعلی ترین اہداف کے حصول میں کامیاب رہیں گے۔

ٹیگس