امریکہ کے ایران مخالف الزامات کا مقصد فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانا ہے: امیرسعید ایروانی
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے ایران کے خلاف امریکہ کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بے بنیاد الزامات نے اسلامی جمہوریہ کے خلاف امریکی حکومت کی دشمنانہ پالیسیوں کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے.
سحرنیوز/ایران: رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے نام خط ميں سلامتی کونسل میں تہران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے بےبنیاد الزامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کا مقصد غزہ ميں مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وسیع اور المناک جنگی جرائم اور وحشیانہ نسل کشی سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی کوشش کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر سفارت کار امیر سعید ایروانی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ان بے بنیاد الزامات نے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلق سے امریکا کی معاندانہ پالیسیوں کو نمایاں کردیا ہے۔ امیر سعید ایروانی نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکی مندوب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جس طرح بے بنیاد الزامات لگائے ہیں، ان سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے کا سلسلہ جاری رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہيں ۔امیر سعید ایروانی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب ، سلامتی کونسل کو واشنگٹن کے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے اور حقیقت کے برخلاف ایران کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ظاہر کرنے کے لئے ہر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہيں ۔