صیہونی حکومت کی جارحیت عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے: اسماعیل بقائی
اسلامی جمہوریہ ایران نے، لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی تازہ جارحیتوں کے بین الاقوامی امن و سلامتی پر پڑنے والے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لبنان کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وسیع حملوں کی سخت مذمت کی ہے جن میں دسیوں عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے ہیں۔ انھوں نے غزہ اور غرب اردن میں بے گناہ فلسطینی عوام کی نسل کشی میں شدت کے ساتھ ہی لبنان اور شام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے حقیقی خطرہ قرار دیا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے گزشتہ دو مہینے میں صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی سیکڑوں خلاف ورزیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، لبنان کے مختلف علاقوں پر تین دن سے جاری وسیع حملوں کو اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ سرکش اور غاصب صیہونی حکومت بین الاقوامی اصول وضوابط کی پابند نہیں ہے۔