امریکہ کے ساتھ اب تک مذاکرات کا کوئی نیا سلسلہ شروع نہیں ہوا ہے: ایرانی وزیرخارجہ
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ اب تک امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا کوئی نیا سلسلہ شروع نہیں ہوا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی نے کہا کہ ہم اس سے پہلے بھی اعلان کرچکے ہیں کہ مذاکرات اور سفارتکاری ہمارا طریقہ ہے لیکن امریکہ کے ساتھ مذاکرات صرف بالواسطہ طریقے سے انجام پائیں گے۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ اب تک مذاکرات کا کوئی نیا سلسلہ شروع نہیں ہوا ہے۔
امریکی سنیٹر ٹام کاٹن کے اس دعوے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہ امریکی صدر کی ترجیح یہ ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے مابین ہونے والا سمجھوتہ، سن 2003 میں لیبیا اور واشنگٹن کے مابین ہونے والے معاہدے جیسا ہو، ایرانی وزیر خارجہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ محض امریکیوں کا وہم ہے۔
ایران کے موضوع پر فرانس کے صدر کی جانب سے کابینہ کی خصوصی نشست بلائے جانے اور فوجی اور سیکورٹی ماہرین سے مشورہ لینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ جہاں تک ہمیں معلوم ہے یہ ایک تجزیاتی میٹنگ تھی۔ ہر ملک کا اپنا تجزیہ ہوتا ہے، لیکن اگر کوئی مداخلت پسندانہ اقدام کیا گیا، تو ہم انہیں ایران کے خلاف مداخلت کرنے میں ملوث اور ذمہ دار ٹہرائیں گے۔