سپاہ پاسداران کی امریکہ اور اسرائیل کو سخت وارننگ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ شہید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھی ممتاز شخصیت کے مالک تھے اور انھیں خدا نے مسلم امہ کی خدمت کے لیے پیدا کیا۔
سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میجر جنرل حسین سلامی نے مشہد مقدس میں شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور شہدائے خدمت کی پہلی برسی کی مناسبت سے منعقد ہونے والے عظیم اجتماع میں ایران کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے غلطی کی تو ہم آپ پر جہنم کے دروازے کھول دیں گے، آپ انصاراللہ کا ایک میزائل برداشت نہ کرسکے توایرانی میزائلوں کی کثرت کیسے برداشت کرسکیں گے اس لئے اپنی جگہ پر بیٹھ جائیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ ہم نے دشمنوں کے لیے وسیع تیاری کی ہے اور اگر وہ غلطی کرتے ہیں تو ہم وہ کام کریں گے جس سے وہ وعدہ صادق ایک اور وعدہ صادق دو آپریشن کو بھول جائیں گے۔
انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار کا خواہاں نہیں ہے ۔ تاہم ایٹمی معاملے پر اگر آپ دھمکی دیتے ہیں تو جان لیں کہ ہم کسی بھی پیمانے پر جنگ کے لیے تیار ہیں اس لئے کہ ہم ایرانی قوم کے مفادات سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اسرائیل امریکہ کو مشرق وسطیٰ میں جنگ پر اکسا رہا ہے اور امریکہ جانتا ہے کہ جنگ اس کیلئے نقصان دہ ہے۔