یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رہےگا؛ ایرانی وزیرخارجہ
شہید حسین امیرعبداللہیان کی شہادت کی پہلی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے موقع پر وزیر خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ یورنیم کی افزودگی کا عمل (معاہدے کے ساتھ یا اس کے بغیر) جاری رہے گا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے حسین امیر عبداللہیان کی شہادت کی پہلی برسی کی مناسبت اور شہدائے خدمت کی یاد میں بدھ 21 مئی کو وزارت خارجہ میں منعقد ہونے والی تقریب کے موقع پر، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے پہلے ہی غیر معقول درخواستوں کا جواب دیا ہے، اور یہ غیر منطقی بحث بات چیت کو آگے بڑھانے میں مدد نہیں کرتی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا موقف مکمل طور پر واضح ہے۔ یورینیم کی افزودگی کا عمل (معاہدے کے ساتھ یا اس کے بغیر) جاری رہے گا، لیکن اگر فریقین ایران کے پرامن پروگرام کے بارے میں شفافیت کے خواہاں ہیں تو ہم تیار ہیں۔ تاہم، بدلے میں، ہمارے جوہری پروگرام کے بارے میں الزامات کی وجہ سے لگائی گئی جابرانہ پابندیوں کو ہٹانے کے بارے میں بات چیت ہونی چاہیے، اور ان پابندیوں کو ہٹایا جانا چاہیے۔