Jun ۲۵, ۲۰۲۵ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • حمایت کے لئے ہم عرب و اسلامی ملکوں کے شکر گزار ہیں ، ترجمان وزارت خارجہ

 اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایرانی سرزمین پر امریکا اور صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کی ہے

سحر نیوز/ ایران:رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت میں عرب اور اسلامی ملکوں کے محکم موقف کی قدردانی بھی کی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران علاقائی ملکوں میں تعاون اور افہام و تفہیم کی تقویت نیز امن و استحکام کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔اسماعیل بقائی نے امریکا کے العدید فوجی اڈے پر ایران کی جوابی کارروائی کے بارے میں خلیج فارس تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بیان کے بارے میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا کے العدید فوجی اڈے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا حملہ، اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ اکاون کے مطابق اپنے دفاع کے حق کے تحت انجام دیا گیا تھا۔

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ یہ کارروائی ایران کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے خلاف بائیس جون کو انجام پانے والی امریکی جارحیت کے جواب میں کی گئي تھی اوراسے دوست اور برادر ملک قطر کے خلاف ہرگز نہیں سمجھنا چاہئے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے قطر سمیت خلیج فارس کے جنوبی ساحل پرواقع تمام ملکوں کے ساتھ ایران کے دوستانہ اور اچھے روابط کی تقویت پر زور دیا اور ایران کے خلاف صیہونی جارحیت بند کرنے کے مطالبے نیز غزہ اور غرب اردن میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی نسل کشی نیز وحشیانہ جرائم کی مذمت پر مبنی خلیج فارس تعاون کونسل کے موقف کی قدردانی کی۔

ٹیگس