اگر دشمن نے نئی حماقت کی تو حیران کن جواب دیا جائے گا؛ جنرل فدوی
سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ جنرل فدوی نے کہا ہے کہ دشمن کی ہر مہم جوئی کا بھرپور اور دنداں شکن جواب دیں گے۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے نائب سربراہ جنرل علی فدوی نے واضح کیا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران دشمن کے تمام اقدامات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر دشمن نے کوئی نئی مہم جوئی یا حماقت کی، تو اسے ایران کی طرف سے ایک حیران کن اور سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی ایام سے ہی دشمنان اسلام، ایران کے خلاف سازشوں میں مصروف رہے ہیں، لیکن اب تک اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے اور آئندہ بھی ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔
جنرل فدوی نے زور دے کر کہا کہ اسلام اور حق کا محاذ، خدا کے فضل سے کامیاب و کامران رہے گا اور دشمن کبھی بھی اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کی ساری کوششیں، فتنہ انگیزی اور رکاوٹیں، اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم اور استقلال کو متزلزل کرنے میں ناکام رہی ہیں اور رہیں گی۔