پاکستانی وزیر داخلہ تہران پہنچ گئے، اربعین حسینی سے متعلق ایران، پاکستان اور عراق کے وزراء داخلہ کا اہم اجلاس
پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی کے تہران پہنچنے پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے مہرآباد ایئرپورٹ پران کا استقبال کیا۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی میزبانی میں ایران، عراق اور پاکستان کے وزرائے داخلہ کا سہ فریقی اجلاس بروز پیر تہران میں اربعین حسینی اور مشترکہ علاقائی اقدامات اور باہمی تعاون کے موضوع پر منعقد ہوگا۔
پاکستان کی وزارت داخلہ کے تعلقات عامہ کے دفتر نے بھی سید محسن نقوی کے دورہ تہران پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے اس دورے میں وہ سرحدی مسائل، سیکیورٹی اور پاکستانی زائرین کے سفر کے دوران سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اپنے ایرانی اور عراقی ہم منصب سے تبادلہ خیال کریں گے۔
دوسری جانب عراق کی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق اربعین حسینی کے پیدل مارچ میں شرکت اور عراق و دیگر ممالک سے زیارت کے لئے پہنچنے والے زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں ۔
اس بیان کے مطابق کربلا میں اربعین کے سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کے لئے ضروری احکامات صادرکئے جاچکے ہیں ۔
بیس صفر چودہ سو اکتالیس ہجری قمری مطابق انیس اکتوبر دوہزارانیس کو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم ہے۔
اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ہرسال عراق، ایران، پاکستان ، ہندوستان اور پوری دنیا سے کروڑوں زائرین کربلائے معلی پہنچتے ہیں۔