صدر ایران: اسلامی ممالک غزہ کی زیادہ مضبوطی سے حمایت کریں
ایران کے صدر نے ملائیشیا کے وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران غزہ میں صہیونی مظالم روکنے کے لیے اجتماعی سفارتی کوششوں پر زور دیا۔
سحرنیوز/ایران:صدر ایران مسعود پزشکیان نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلیفونک گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کو غزہ کے عوام کی حمایت کے لیے زیادہ مضبوط اور متحرک مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری صیہونی مظالم کسی بھی آزاد انسان کے لیے قابل قبول نہیں، اسلامی ممالک کو فعال سفارتکاری اور سفارتی دباؤ کے ذریعے ان جرائم کو روکنے کے لیے متحد اور ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنا چاہیے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران ہمیشہ مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کرتا آیا ہے۔
انہوں نے ایران پر حالیہ صیہونی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا قصور صرف یہ ہے کہ ہم مظلوم فلسطینی عوام اور ان کے انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں اور ان پر ہونے والے ظلم و ستم سے نفرت کرتے ہیں۔ عالمی استکبار اسی بات کو ہمارا جرم سمجھتا ہے۔
گفتگو کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے غزہ میں اسرائیلی جرائم کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے ان مظالم کے خلاف سخت موقف اپنایا ہے اور بڑے پیمانے پر سفارتی کوششیں جاری ہیں تاکہ غزہ میں جاری نسل کشی کو روکا جا سکے۔انہوں نے ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت اور عوام ایران کو خاص احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔