Aug ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران: مذاکرات اور دفاع میں عصائے موسیٰ کا کردار

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اپنی مصلحت اور قومی مفادات کے تحت ہی مذاکرات یا مزاحمت کا راستہ اختیار کرے گا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکہ کے ساتھ ممکنہ نئے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ اگرچہ اس حوالے سے مشورے جاری ہیں اور ہمیں کچھ پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں تاہم مستقبل میں مذاکرات کا انحصار مکمل طور پر ہمارے قومی مفادات پر ہوگا۔ ہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی مؤثر ذریعہ کو ترک نہیں کریں گے۔

سید عباس عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ گذشتہ مذاکرات میں ہم مضبوط موقف کے ساتھ شامل ہوئے اور کوئی کوتاہی نہیں کی۔ چونکہ مخالف فریق اپنے مقاصد میں ناکام رہا، اس لیے اس نے جنگ کی راہ اپنائی۔ ہم نے ملکی مفادات کے دفاع میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایرانی عوام نے دیکھ لیا کہ ایران نے سفارتکاری کا میدان ترک نہیں کیا، بلکہ دنیا پر حجت تمام کردی اور اپنے دفاع کے حق کی حقانیت کو ثابت کیا۔

انہوں نے اس موقع پر رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ‌ای کے شجاعانہ اور مدبرانہ کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس خاص دور میں اور گذشتہ برسوں میں ان کی مدبرانہ قیادت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے نہ صرف مذاکرات میں بلکہ دفاع میں بھی 'عصائے موسیٰ' کی مانند رہنمائی کی، دشمنوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب  ہونے نہیں دیا اور بہت کم وقت میں ہر چیز کو دوبارہ منظم کیا۔ میں نے خود 12 دنوں کے اندر دیکھا کہ کس طرح ان کی قیادت نے راہیں کھولیں اورایک نئی تاریخ رقم کی۔

ٹیگس