فلسطینی عوام کی نسل کشی اور قدس شریف میں مقدس مقامات کی بے حرمتی کی سخت مذمت؛ ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے غزہ اور غرب اردن میں فلسطینی عوام کی نسل کشی اور قدس شریف میں مقدس مقامات کی بے حرمتی کی سخت مذمت، مظلوم فلسطینی عوام تک فوری امداد رسانی اوران کی نسل کشی بند کرانے کو ، عالمی برادری کی ذمہ داری قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزارت خارجہ نے غزہ پر قبضے اور عوام کو بے دخل کرنے کے صیہونی کابینہ کے فیصلے کو فلسطینیوں کی نسل کشی کی تکمیل اور فلسطین کو صفحہ ہستی سے مٹادینے کے منصوبے سے تعبیر کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں صیہونی کابینہ کے اس فیصلے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور ایسا اقدام قرار دیا ہے جس کا مقصد پوری سرزمین فلسطین پر فوجی طاقت کے ذریعے قبضہ مسلط کرنا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے غزہ پر صیہونی حملے فوری طور پر بند کئے جانے اور امداد رسانی کے لئے غزہ کے راستے غیر مشروط طور پر کھول دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے قانونی اور اخلاقی فرائض پر بلا تاخیر عمل کریں اور صیہونی حکومت کو غزہ میں اپنے جرائم کا سلسلہ بند کرنے پر مجبور کریں۔