Aug ۲۹, ۲۰۲۵ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • یورپی ٹرائیکا کا فیصلہ ایران اور آئی اے ای اے کے تعاون کو کمزور کرے گا؛ ایرانی وزارت خارجہ کا بیان

یورپی ٹرائیکا کی جانب سے اسنیپ بیک فعال کرنے کی خبر ملنے کے بعد ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ تین یورپی ملکوں کا فیصلہ، ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان جاری تعاون کو بہت کمزور کردے گا۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے جمعرات 28 اگست کی شام یورپی ٹرائیکاکی جانب سے اسنیپ بیک میکانزم فعال کرنے کی  درخواست کے بارے میں  کہا ہے کہ اس غیر ضروری اور اشتعال انگیز اقدام کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تین یورپی ملکوں نے جو راستہ اختیار کیا ہے اگر اس کو روکا نہ گیا تو اس کے نتائج بہت  سخت ہوں گے جو سلامتی کونسل کے اعتبار اور ڈھانچے کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ ایران نہیں بلکہ یورپی یونین اور تین یورپی ممالک تھے جنھوں نے 18 اکتوبر 2023 کو نہ صرف یہ کہ اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا بلکہ ایران کی شہری ہوابازی  اور شپنگ کمپنیوں کے خلاف نئی غیر قانونی پابندیاں بھی لگادیں۔  
ایرانی وزارت خاجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی ٹرائیکا کا یہ فیصلہ ایران اور آئی اے ای اے کے  درمیان جاری تعاون کو بہت زیادہ کمزور کردے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قانونی بنیادوں اور  ضروری مراحل طے کئے  بغیر اسنیپ بیک میکانزم فعال کئے جانے سے نہ صرف یہ کہ سلامتی کونسل کے فیصلوں پر اعتماد کمزور ہوگا بلکہ بین الاقوامی امن و سلامتی بھی خطرے میں پڑجائے گی۔

ٹیگس