ایران و پاکستان کے سربراہوں کی ملاقات ، باہمی تعاون میں فروغ پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات میں کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہيں۔
سحرنیوز/ایران: صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے دورہ چین کے موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان کوئي فاصلہ نہيں ہے اور ہم تمام میدانوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کے فروغ دینے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے خواہاں ہیں ۔
صدر ایران نے کہا کہ تہران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مسلم ممالک کو مشترکہ مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ سنجیدگی سے تعاون کرنا چاہیے۔
صدرمملکت نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم میں شدت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حیرت اس بات پر ہے کہ مہذب ہونے، انسانی حقوق اور امن کے دفاع کا دعویٰ کرنے والی دنیا نہ صرف ان جرائم کے سامنے خاموش ہے بلکہ صیہونی حکومت کو مسلسل ہتھیار فراہم کر کے جرائم جاری رکھنے میں اس کی مدد کر رہی ہے۔
اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے صدر ایران کی جانب سے بار بار اظہار یکجہتی اور ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ اسلامی بلاک کے دو اہم رکن کی حیثیت سے ایران اور پاکستان کو اعلی اسلامی اہداف کے حصول کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے انھوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں اور اسلامی ممالک کو چاہئے کہ غزہ میں اسرائیلی جرائم اور نسل کشی کے خلاف مل کر آواز اٹھائيں اور ان کے حقوق کی بھرپور حمایت کریں ۔