اسنیپ بیک میکانزم دوہرے معیار کی ایک مثال ہے؛ ایرانی صدر
صدر مملکت مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسنیپ بیک میکانزم دوہرے معیار کی ایک مثال ہے، اور ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے اب ایران پر اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کا الزام تھوپ رہے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے منگل کی سہ پہر کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں، چائنا سنٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) کے ساتھ چین کی ترقی کے عمل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر بامقصد، ماہرانہ، ایک درست اور دقیق منصوبہ بندی پر مبنی اور قابل تعریف قرار دیا۔ صدر مملکت پزشکیان نے اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ مسئلہ ان دوہرے معیارات کی ایک مثال ہے جو یکطرفہ پالیسیوں کی حمایت کرنے والے ممالک لاگو کرتے اور اس پر عمل کرتے ہیں۔ وہی لوگ جنہوں نے جے سی پی او اے معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی اب یہ دعوی کر رہے ہیں کہ ایران اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا ہے۔
انہوں نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی ممکنہ فوجی جارحیت کے دوبارہ انجام پانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران جنگ اور بدامنی کا خواہاں نہ تو رہا ہے اور نہ ہی ہے لیکن ایران نے یہ بتا دیا ہے کہ وہ اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔