قطر پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت اور دوحہ کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں: ایران
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے قطر پر حملے کے سلسلے میں سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے نام باضابطہ بیان جاری کیا۔
سحرنیوز/ایران: اس بیان میں آيا ہے کہ قطر کی حکومت کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
امیرسعید ایروانی کی جانب سے جاری شدہ بیان میں آيا ہے کہ تہران، قطری باشندوں، اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کی حفاظت پر مبنی دوحہ حکومت کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
اس بیان میں قطر پر صیہونی فضائی جارحیت کو اقوام متحدہ کے اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
ایران کے باضابطہ بیان میں درج ہے کہ فلسطین، لبنان، شام، یمن، ایران اور اب قطر پر تل ابیب کا فوجی حملہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ صیہونی حکومت خطے بلکہ پوری دنیا کی امن و سلامتی کے لیے ایک فوری اور سنجیدہ خطرہ ہے جسے فوری طور پر لگام دینے کی ضرورت ہے۔