یورپ دباؤ کے بغیر سفارتکاری کا راستہ اختیار کرے؛ ایرانی وزیرخارجہ
ایرانی وزیر خارجہ نے یورپی اعلی حکام سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دباؤ سے بچنے اور دیپلماسی کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کی سربراہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ یورپ کو ایک منصفانہ اور آزادانہ رویہ اپنانا چاہیے۔ عراقچی نے ایران کے اصولی مؤقف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور سفارتکاری کے ماحول کو برقرار رکھنا کشیدگی میں اضافے سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے تین یورپی ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منسوخ شدہ پابندیوں کی بحالی کی کوشش کو غیرقانونی اور غیرمنطقی قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے عالمی جوہری ایجنسی کے ساتھ ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہے اور نئی صورت حال میں اپنی ذمہ داریوں کے تعین کے لیے ایک واضح فریم ورک تیار کیا ہے، جسے تمام فریقین کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ اب وقت ہے کہ یورپی ممالک بھی اس موقع کو سفارتی راستے کے تسلسل اور بحران سے بچنے کےلیے استعمال کریں اور دیانت داری کے ساتھ دیپلماسی پر یقین ظاہر کریں۔ عراقچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران ایک منصفانہ اور متوازن حل کے لیے تیار ہے، جو باہمی مفادات کی ضمانت فراہم کرے۔ اس ہدف تک پہنچنے کے لیے یورپی ممالک کو ذمہ دارانہ اور آزادانہ رویہ اپنانا ہوگا اور ان قوتوں کے اثر سے دور رہنا ہوگا جن کے نزدیک سفارتکاری اور بین الاقوامی قوانین کی کوئی اہمیت نہیں۔ ٹیلی فونک رابطے میں فریقین نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور سفارتی حل کی مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال بھی کیا۔