صدرِ ایران نے پاکستان اور افغانستان کی جھڑپوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے
صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوئيں جھڑپوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم امہ، اسلامی ملکوں کے درمیان اختلافات اور جنگ کے حق میں نہیں ہے بلکہ یہ صورتِ حال اسلام دشمن طاقتوں اور بین الاقوامی صیہونی نظام کی سازش کا حصہ ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ دو برادر، مسلمان اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان ایسے واقعات کا رونما ہونا خِطے کے تمام ملکوں کے لئے باعثِ تشویش ہے اور اس کے نتیجے میں، اسلامی جمہوریہ ایران سمیت، پورا علاقہ متاثر ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی ملکوں کو ایک پیکر ہو کر امن و اخوت کی جانب گامزن ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت علاقے کو ہر دَور سے زیادہ سکون، اتحاد و یکجہتی اور تعاون کی ضرورت ہے۔
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں، عزیز عوام دانش مندی، حکمت، مفاہمت اور گفتگو کے ساتھ ایک بار پھر دوستی، تعاون اور باہمی اعتماد کا طریقۂ کار اختیار کریں گے۔