ای سی او اجلاس سے صدر ایران کا خطاب: علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ای سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مناسب انفراسکٹریکچر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او (ایکو) کے وزرائے داخلہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایکو کے خطے کو ہر دور سے زیادہ آج اقتصادی ترقی، سکون و اطمینان اور رکن ممالک کی سلامتی کے لیے مناسب انفراسٹریکچر فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر پزشکیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ طویل وقفے کے بعد چوتھے اجلاس کا انعقاد رکن ممالک کی جانب سے تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی خواہش کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ان اہم وزارتوں میں سے ایک ہے جس پر خصوصی شعبوں میں کردار ادا کرنے کے علاوہ اقتصادی ترقی اور سلامتی کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ ملک کی وزارت داخلہ کا کردار کثیر جہتی اور علاقائی اقتصادی تعاون میں بھی بہت اہم ہے، علاقائی اقتصادی تعاون کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ، ٹھوس، مستحکم اور لچکدار فریم ورک اور پلیٹ فارموں کی ضرورت ہوتی ہے۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہمارا خطہ اور اس کے آس پاس کے علاقے بیرونی حملوں سے محفوظ نہیں ہیں اور عصری تاریخ میں سب سے زیادہ غیر ملکی مداخلت اسی خطے میں ہوئی ہے۔ دنیا میں انسانیت کے خلاف بدترین نسل کشی اور جرائم کا ارتکاب بھی مغربی ایشیا کے خطے اور اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں پچھلے دو برس سے غزہ میں جاری ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ای سی او اقتصادی ہم آہنگی کے لیے اپنے اراکین کی عشروں پر محیط کوششوں کا وارث ہے اور اس نے اس سلسلے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم اب بھی بے پناہ امکانات ایسے ہیں جن سے بھرپور استفادے کی ضرورت ہے۔