ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور پاکستان کے وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات: تجارتی اور معاشی روابط کے استحکام پر زور
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور معاشی روابط کے استحکام پر زور دیا گیا۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق منگل کی شام کو ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور پاکستان کے وزیر داخلہ کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات میں اسٹریٹیجک تعاون کی سطح تک پہنچنے کی گنجائش ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے محسن نقوی کے ساتھ ملاقات کے دوران خطے کے توازن میں ایران اور پاکستان کی سیاسی و جغرافیائی اہمیت کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں تعاون کی موجودہ سطح کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اسے بڑھا کر مستحکم اسٹریٹیجک شراکت داری تک پہنچانے کی تجویز پیش کی۔
پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے اس موقع پر ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سلامتی کے شعبوں میں گہرے تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ ایران، پاکستان کے لیے ہمیشہ ایک دوست، برادر اور معاون ملک رہا ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ ایران ہمیشہ طاقتور، مستحکم اور ترقی یافتہ رہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ای سی او کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے سلسلے میں تہران دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر علی لاریجانی سمیت ایران کے کئی اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کی۔