Nov ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۷ Asia/Tehran
  • ایرانی اسپیکر اسلام آباد روانہ ہوگئے، ایران پاکستان تعلقات کو بے نظیر قرار دیا

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف بدھ کی صبح پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی دعوت پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ، مجلس شورائے اسلامی، کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے بدھ کی صبح دورۂ پاکستان پر روانہ ہونے سے پہلے تہران ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران  بتایا کہ اسلام آباد کے دورے میں پاکستانی حکام سے مشترکہ معاملات، اقتصادی مسائل اور  ثقافتی تعلقات پر بھی بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت غیرعلاقائی طاقتوں، ان میں سر فہرست امریکہ، کی وجہ سے ہمارے علاقے کو کشیدگی کا سامنا ہے اور اس کشیدگی کے اثرات علاقے کے تمام ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ اور علاقائی معاملات میں ایران اور پاکستان کا تعاون انتہائی اور بنیادی اہمیت کا حامل ہے جس پر دونوں ملکوں کے حکام زور دیتے آئے ہیں۔

ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے بتایا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سربراہوں سے ان کی ملاقات اس دورے میں طے ہے۔ ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو بے نظیر قرار دیا۔ ان کے ساتھ پارلیمانی اراکین کا ایک وفد بھی پاکستان کے دورے پر اسلام آباد گیا ہے۔

 

انہوں نے اپنی گفتگو میں ایران پر مسلط کردہ 12 روزہ جنگ میں ایران کی حمایت پر مبنی پاکستانی عوام، پارلیمنٹ اور حکومت  کے انتہائی واضح اور ٹھوس موقف کو سراہا اور کہا کہ اس جنگ کے بعد خطے کے حالات بہت ہی نازک دور سے گزر رہے ہیں۔

 

ٹیگس