Dec ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ اور تمام ممالک صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مؤثر اقدامات کریں: ایرانی نائب وزیر خارجہ

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران تمام ممالک اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔

 سحرنیوز/ایران:  اطلاعات کے مطابق، ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کبھی دھمکیوں یا جارحیت کے سامنے نہیں جھکیں گے اور جارح ممالک کے خلاف متحد رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے سال دوہزار ایک کو تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے نام سے منایا تھا موجودہ حساس دور میں تہذیبوں کے اتحاد کو ایک اسٹریٹجک اصول کے طور پر زیرِ غور لانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ یہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف جنگ، پائیدار امن و سلامتی قائم کرنے، سماجی و اقتصادی انصاف کو فروغ دینے اور مشترکہ سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی میں مؤثر ہوسکتا ہے۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران ایک ایسا ملک ہے جس کی ثقافتی اور تہذیبی تاریخ بہت گہری ہے اور وہ دیگر ممالک کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔

کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ماننا ہے کہ تہذیبوں کی یکجہتی کو جنگ اور تسلط کے خلاف ایک مزاحمتی عنصر کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ پائیدار امن و سلامتی کے لیے ہمیں جنگ کو فروغ دینے اور بحران کو بڑھانے سے گریز کرنا ہوگا اور باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری اور ایماندارانہ مکالمے پر توجہ دینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایران تمام ممالک اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مؤثر اقدامات کریں اور انسانی حقوق اور عالمی امن کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس