خطے میں امریکی فوجیوں کا وجود بدامنی کا سبب: ایرانی نائب وزیر خارجہ
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ پڑوسیوں کو اپنا قلمرو جارحین کے اختیار میں نہیں دینا چاہئے۔
سحرنیو/ایران: ارنا نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سبھی پڑوسیوں بالخصوص خلیج فارس کے عرب ملکوں کے ساتھ تعمیری اور اچھے روابط، ہماری مستقل پالیسی کا حصہ ہیں۔
انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ خطے میں امریکی فوجیوں کا وجود بد امنی کا سبب ہے اور ہمارے پڑوسی ملکوں کو اپنا قلمرو جارحین کے اختیار میں نہیں دینا چاہئے۔
کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ علاقے میں امن و استحکام علاقائی ملکوں کے ذریعے ہی قائم ہوسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 40 روزہ جنگ نے ثابت کردیا کہ امریکی فوجیوں کا وجود ان ملکوں کے لئے بھی بدامنی کا سبب ہے، جن کے قلمرو میں امریکا نے اپنے فوجی اڈے بنا رکھے ہیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہمیں توقع ہے کہ کوئی بھی پڑوسی ملک اپنا قلمرو، ایران کے خلاف جارحیت کے لئے، جارحین کے اختیار میں نہیں دے گا ورنہ دوسری صورت میں ایران اپنے دفاع میں ضروری تدابیر اپنائے گا۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ پڑوسی ملکوں نے 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں سے سبق حاصل کیا ہوگا اور امن و سلامتی کے لئے، بیرونی طاقتوں پر انحصار کرنے کے بجائے، باہمی تعاون کا راستہ اختیار کریں گے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ اغیار کے جنگی جہازوں اور بیڑوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں ہے اور انہیں ایران کی آبی حدود سے میلوں دور رہنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت کے راستوں سے متعلق ایران اور عمان کا دو جانبہ سمجھوتہ انصاف پر مبنی ایک اہم قانونی اور تکنیکی اقدام ہے اور ہم جہازرانی کی بین الاقوامی تنظیم میں اسے رجسٹر کرانا چاہتے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel