یمن پر سعودی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے
یمن پر سعودی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور تازہ حملوں میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اسی کے ساتھ امریکا کے ڈرون حملے میں بھی کم سے کم چار افراد کے شہید ہونے کی خبر ہے۔
صنعا میں سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ جارح سعودی لڑاکا طیاروں نے بدھ کے روز شمالی صوبے صعدہ میں متعدد رہائشی آبادیوں پر بمباری کی ہے۔
سعودی لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ بمباری میں تین کمسن بچے اور دو خواتین شہید جبکہ چھے دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے جان بوجھ کر رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے درجنوں مکانا ت زمیں بوس ہوگئے ہیں اور متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ الحدیدہ کے ضحی ٹاؤن اور دارالحکومت صنعا کے بنی مطر نامی علاقے پر بھی بمباری کی ہے جس میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کے ساتھ ساتھ امریکی ڈرون حملے بھی جاری ہیں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہےکہ منگل کی شام امریکی ڈرون طیاروں نے صوبہ شبوہ اور بیضا میں دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں چار افراد شہید ہوگئے۔
نو ماہ سے زیادہ عرصے سے یمن پر جاری سعودی امریکی جارحیت میں ساڑھے سات ہزار سےزیادہ افراد شہید اور چودہ ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی جارحیت کے جواب میں جنوبی صوبے تعز میں پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے سعودی ایجنٹوں کو متعدد علاقوں سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
یمنی فوج نے عوامی رضاکاروں کی مدد سے شمالی صوبے جوف کی لبنات چھاؤنی کو بھی آزاد کرالیا ہے۔
جنوبی محاذ پر یمنی فوج نے توپ خانے کی مدد سےسعودی مورچوں پر گولہ باری بھی کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد سعودی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔