عراق میں امریکی فوجیوں کے زیراستعمال ایئربیس پر کاتیوشا میزائلوں کی بارش
حملے میں 4 مقامی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
اسکائی نیوز اور السومریہ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے صلاح الدین میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال البلد ایئر بیس پر نامعلوم سمت سے 5 کاتیوشامیزائل داغے گئے ہیں، اس ایئربیس پر امریکی فوجی بھی مقیم ہیں اور فضائی کارروائیوں کے لیے اس بیس کو استعمال کرتےہیں۔ ہونے والے حملوں میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ ایئربیس کو بھی نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے وقت ملٹری بیس پر موجود امریکی فوجیوں کی حتمی تعداد تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے وقت اس ایئربیس پر صرف 15 امریکی فوجی اور ایک طیارہ موجود تھا جو مکمل طور پر محفوظ ہیں، کشیدگی کے بعد سے امریکی فوجیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
البلد عراق کے ایف-16 طیاروں کا مرکزی ایئر بیس ہے، ان طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے امریکی فوجی بھی کیمپ میں ہی مقیم ہیں۔ قبل ازیں اس بیس پر ایک حملے میں عراقی فوج کے اہلکاروں سمیت ایک امریکی کنڑیکٹر بھی ہلاک ہوچکا ہے۔