عراق میں داعش کے متعدد ٹھکانے تباہ کردئے گئے
عراق میں عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی نے صوبہ دیالہ میں داعش کے کئی خفیہ ٹھکانے تباہ کردئے ہیں۔
عراقی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی نے صوبہ دیالہ کے محمد عباس نامی علاقے کے قریب داعش دہشت گرد گروہ کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگا کے ان کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران عراق کی الحشد الشعبی کے جوانوں کو بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا ہے۔
اگرچہ عراقی افواج نے ایران کی فوجی مشاورت سے ملک کے سبھی علاقے داعش سے آزاد کرا کے اس کی نام نہاد خلافت کا خاتمہ کردیا ہے لیکن امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ اس تکفیری گروہ کے افراد اب بھی عراق کے مختلف علاقوں میں خفیہ طور پر موجود ہیں اور موقع ملنے پر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی ملک کو داعش سے پوری طرح پاک کرنے کے لئے ملک گیر سرچ آپریشن میں مصروف ہے لیکن اس کو اس آپریشن میں امریکی دہشتگردوں کی جانب سے رکاوٹوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
سپاہ قدس کمانڈر اور سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشدا لشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کے کاررواں پر امریکی دہشتگردوں کے حملے کے بعد عراقی پارلیمنٹ ملک سے دہشتگرد امریکی فوج کے انخلا کا بل پاس کرچکی ہے اور عراقی عوام اور حکام امریکا سے اپنے دہشتگردوں کو فوری طور پر واپس بلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔