Mar ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • عرب ممالک میں بھی بڑھ رہی ہے کورونا بیماروں کی تعداد

علاقے کے عرب ملکوں میں بھی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سعودی عرب میں کورونا کے کیسز کی تعداد نو سو تک پہنچ گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا کے مزید ایک سو تینتیس کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا سے متاثرین کی تعداد نو سو ہو گئی ہے - سعودی حکومت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں کورونا کے ایک اور مریض کی موت ہوگئی ہے اور صرف مکہ میں اب تک کورونا کے دو مریض اپنی جان گنوا چکے ہیں ۔

ادھر اردن کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور کورونا کے مزید چھبیس کیسز سامنے آئے ہیں۔ یوں اردن میں مجموعی طور پر کورونا کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ سو سے تجاوز کر گئی ہے -

دوسری جانب کویت نے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید چار افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے ہیں اور اس طرح کویت میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد ایک سو پچانوے کے قریب پہنچ گئی ہے -

پڑوسی ملک عراق میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک تین سو چھتیس افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں انتیس افراد کو اپنی جان بھی گنوانی پڑی ہے جبکہ نواسی افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں -

متحدہ عرب امارات سے خبر ہے کہ وہاں اب تک تین سو تینتیس افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں -

خلیج فارس کی ایک اور ریاست عمان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے - عمان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ننانوے تک پہنچ گئی ہے البتہ ان میں سے سترہ افراد کا علاج مکمل ہو چکا ہے اور وہ صحیت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں -

بحرین میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تین سو ستتر بتائی گئی ہے جبکہ دو افراد اب تک اس مرض میں مبتلا ہو کر اپنی جان گنوا چکے ہیں-

ادھر لبنان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید انتیس بیمار رپورٹ کئے گئے ہیں اور وہاں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔

اس درمیان شام کی حکومت نے بھی کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے بدھ سے پورے ملک میں لوگوں کی رفت و آمد پر پابندی لگا دی ہے- شام کی وزارت صحت نے اتوار کی رات اعلان کیا تھا کہ کورونا کا پہلا مریض رپورٹ ہوا ہے جو ابھی حال ہی میں ایک دوسرے ملک سے شام پہنچا تھا -

یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ابھی تک ملک میں ایک بھی کورونا کا مریض رپورٹ نہیں ہوا ہے لیکن یمن کے عوام بدستور جارح سعودی اتحاد کے محاصروں اور حملوں کی زد پر ہیں اور انہیں ان محاصروں اور حملوں کی وجہ سے انتہائی دردناک صورتحال کا سامنا ہے۔ پانچ برسوں سے جاری سعودی عرب کے زمینی، فضائی اور سمندری محاصرے کے سبب یمن کو غذائی اشیاء، طبی ساز و سامان اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے -

ٹیگس