مغربی ایشیا میں کورونا سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ
دنیا کے دیگر علاقوں کی مانند مغربی ایشیا میں بھی کورونا وائرس سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر صحت نے اعلان کیا کہ ملک میں کورونا کے چار سو بہتر مزید کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد سعودی عرب میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی مجموعی تعداد چار ہزار نو سو چونتیس ہوگئی ہے جبکہ پینسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔سعودی عرب نے ملک میں کورونا کے بے قابو ہونے کے خوف سےغیر معینہ عرصے تک کرفیو اور لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے
ادھر عراق میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار تین سو باون ہوگئی ہے جن میں سے چھہتر افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں ۔دنیا کے بیس ملکوں میں مقیم عراقی شہریوں کے درمیان کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کے باعث بغداد حکومت نے ان ملکوں سے اپنے شہریوں کو وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
قطر کی وزارت صحت نے بھی ملک میں کورونا کے دو سو باون نئے مریضوں کی خبر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد دوہزار آٹھ سو نوے تک پہنچ گئی ہے۔عمان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک سو اٹھائیس نئے مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں اور اس طرح کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد سات سو ستائیس تک پہنچ گئی ہے۔
عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے جبکہ ایک سو چوبیس افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
لبنان میں بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد چھے سو بیس جبکہ اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بیس ہوگئی ہے۔
مغربی ایشیا کے امور میں اقوام متحدہ کے کوارڈینیٹر نکلای ملادینوف نے بھی خبردارکیا ہے کہ فلسطین کی معیشت و اقتصاد پر کورونا کے اثرات کے باعث محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کا شیرازہ بکھر سکتا ہے۔
درایں اثنا غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک سو پچپن ہوگئی ہے جبکہ تین ہزار سے زیادہ صیہونی فوجی قرنطینہ میں ہیں۔ صیہونی حکومت کی وزیر صحت نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں کورونا وائرس میں مبتلاء افراد کی تعداد گیارہ ہزار دو سو پینتیس ہوگئی ہے اور اب تک ایک سو دس افراد کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں ۔
عالمی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک پوری دنیا میں اٹھارہ لاکھ ستر ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلاء ہو چکے ہیں جبکہ چار لاکھ پینتیس ہزار سے زیادہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔